کراچی: درجہ حرارت میں اضافہ، آئندہ ہفتے ہیٹ ویو کا اندیشہ

کراچی: شہر قائد میں ہوا کے رخ میں تبدیلی کے باعث آج درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق شہر میں شمال مغرب سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ زیادہ نمی سے درجہ حرارت کی شدت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جاسکتی ہے جب کہ شام میں سمندری ہوائیں چلنے سے موسم بہتر ہوجائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 14 سے 19 اپریل کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ہے، سندھ کے اکثر مقامات پر درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان محکمۂ موسمیات نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورت حال رہے گی، کراچی میں آئندہ 10 روز موسم معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جب کہ کراچی میں اپریل کے آخر میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہوسکتا ہے۔