کراچی میں کل بارش کی پیش گوئی!

کراچی: کل شہر میں محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شدید گرمی سے ستائے کراچی کے شہریوں کے لیے خوش خبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو شہر میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد موسم خوش گوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مضبوط ہوا کا کم دباؤ موجود ہے اور یہ دباؤ آج شام تک مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے، ڈپریشن کے زیر اثر سندھ کے اضلاع تھرپارکر، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، عمرکوٹ اور حیدرآباد میں آج اور کل گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈپریشن کے اثرات تیز ہواؤں اور بادلوں کی صورت نظر آئیں گے، جو شہر میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتے ہیں جب کہ ڈپریشن بننے کی صورت میں سمندر میں طغیانی کی کیفیت ہوسکتی ہے، اس لیے ماہی گیر زیادہ گہرے سمندر میں نہ جائیں۔
خیال رہے کہ اتوار کو کراچی مزار قائد سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کا جلسہ منعقد کیا جارہا ہے اور جلسے کے انعقاد کی ذمے داریاں پیپلزپارٹی کے پاس ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔