کراچی کنگز کی جیت پر فنکار بھی خوشی سے نہال!

کراچی: پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے فائنل معرکے میں کراچی کنگز کی ٹیم، لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بنی ہے۔ اس موقع پر فنکاروں نے کراچی کنگزکی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد کے پیغامات شیئر کیے ہیں۔
ہمایوں سعید، اعجاز اسلم اور عدنان صدیقی کراچی کنگز کے سپورٹرز ہیں اور اپنی ٹیم کی جیت پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کراچی نے بہت اچھا کھیلا، یہ ہونا ہی تھا ہمیں جیتنا ہی تھا، کنگ کنگ ہوتا ہے ہم جیت گئے۔ ان تینوں نے کراچی کنگز کی جیت پر تمام لوگوں کو مبارک باد دی۔


گلوکار عاصم اظہر بھی کراچی کنگز کے سپورٹر ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اُس لمحے کی ایک ویڈیو شیئر کی جس وقت کراچی کنگز پی ایس ایل 5 کا فائنل جیت گیا تھا اور اس جیت پر وہ اپنے دوستوں کے ساتھ جیت کا جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔


گلوکار و اداکار علی ظفر نے اس موقع پر پہلے تو فائنل میں پہنچنے پرلاہور قلندرز کی تعریف کی اور پھر کراچی کنگز کو جیت کی مبارک باد دی۔ ایک اور ٹوئٹ میں علی ظفر نے لکھا کہ لاہوریو! بھائی بھی لاہورسے ہے لیکن پیش گوئی، پیش گوئی ہوتی ہے۔ اس میں جذبات کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ پچھلے 4 سیزن کی بھی چیک کرلو۔ آخر میں ہم سب پاکستانی ہیں۔ زندگی کو انجوائے کرو۔


مہوش حیات بھی اس موقع پر پیچھے نہیں رہیں انہوں نے کہا کتنا سنسنی خیز فائنل تھا۔ یہ جیت کراچی کنگز کی تھی اور کراچی کنگز کی یہ جیت آنجہانی کوچ ڈین جونز کو قابل فخر خراج عقیدت ہے۔ وہ اگر زندہ ہوتے تو آج بہت فخر محسوس کرتے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔