کراچی دوسرا گھر، تنہائی نے خدا کے قریب کردیا، محسن عباس
کراچی: فلم اور ڈراموں کے مقبول اداکار محسن عباس نے کہا کہ فیصل آباد سے کراچی ہجرت نہ کرتا تو آج اس مقام پر نہیں ہوتا۔ کراچی میں 20 سال سے ہوں اور اس شہر کو اپنا دوسرا گھر کہتا ہوں۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے محسن عباس نے کہا جب والدین نہیں ہوتے تو احساس ہوتا ہے، آج جب میرے دونوں ہاتھ خالی ہیں، یتیمی کا بوجھ اٹھاتا ہوں تو مجھ سے نہیں اٹھتا۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ کراچی آئے تو بالکل تنہا تھے لیکن اس تنہائی نے انہیں خدا کے قریب کردیا، انہوں نے خدا کو دیکھنا اور محسوس کرنا شروع کردیا۔
محسن عباس کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا دکھ ہوتا ہے کہ میں روزگار کے باعث کراچی منتقل ہونے کی وجہ سے اپنے والدین کے ساتھ ان کے بڑھاپے میں زیادہ وقت نہیں گزار سکا، انہوں نے مزید کہا کہ اصل گھر وہی ہوتا ہے جہاں آپ کے والدین ہوں۔