کراچی: کل سے یکم جون تک شدید گرمی، ہیٹ ویو کی پیش گوئی
کراچی: شہر قائد والے ہوجائیں ہوشیار، اب سورج آگ برسائے گا، محکمہ موسمیات نے کل سے یکم جون تک شہر میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر میں کل سے یکم جون کے دوران ہیٹ ویو کا اندیشہ ہے، تاہم اس دوران تیز ہوائیں چلتی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، بدھ کو درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، جمعرات کو بھی موسم شدید گرم اور خشک رہ سکتا ہے، پارہ 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں آئندہ دنوں درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔