کراچی میں عمارت زمیں بوس، ایک بچہ جاں بحق
کراچی: کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں چار منزلہ رہائشی عمارت گر گئی۔ ایک بچہ جاں بحق جب کہ 8 زخمیوں کو نکال لیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں چار منزلہ رہائشی عمارت زمیں بوس ہوگئی، جس کے ملبے تلے ابھی 25 کے قریب افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے اب تک 8 زخمیوں اور ایک بچے کی لاش کو نکال لیا گیا ہے اور تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت گرنے کے باعث قریبی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے باعث اسے بھی خالی کروا لیا گیا ہے۔
عمارت گرنے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جس مقام پر عمارت گری ہے، وہاں کافی عرصے سے پانی کھڑا رہا۔ زمین بوس ہونے والی عمارت میں چھ فیملی کے رہائش پذیر ہونے کی رپورٹ ہے واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ ریسکیو ٹیموں کے رضاکار بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے مشینری اور بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے اب تک 5 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے اور انہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہل کار ذوالفقار کی فیملی بھی اسی مکان میں رہائش پذیر ہے، ذوالفقار اپنے اہل خانہ کو فون کررہے ہیں مگر کوئی فون پر رابطے میں نہیں آرہا۔ ایس بی سی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرنے والی عمارت کو مخدوش قرار نہیں دیا گیا تھا تاہم عمارت گرنے کی وجوہ کا تعین کیا جارہا ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ عمارت کا نقشہ منظور کرایا گیا تھا یا نہیں۔