کراچی: مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، کوئٹہ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ نکلے
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں داعش کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کراچی میں سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسر ٹاؤن میں ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جو اسپتال منتقل کئے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔ فائرنگ سے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
اس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ دھماکے کے ماسٹر مائنڈ نکلے۔
ذرائع کے مطابق پولیس مقابلے میں مارے جانے والے دہشت گرد مطلوب ترین تھے اور وہ 2021 میں کوئٹہ میں ہوٹل پر ہونے والے دھماکے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں سے ملنے والا سی 4 ایکسپلوزو بھاری مقدار میں ہے اور اس مواد سے 5 خودکُش جیکٹس بنائی جاسکتی تھیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے گاڑی کے نیچے آئی ای ڈی لگانے والے مقناطیس بھی ملے جو 5 کلوگرام تک کی آئی ای ڈی کا وزن اٹھاسکتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے اور سی ٹی ڈی رات ساڑھے تین بجے موقع پر پہنچے، علاقے کا گھیراؤ کرکے مقابلہ صبح تک چلتا رہا، صبح 7 بجے کے قریب مددگار اور پھر قریباً 8 بجے ایس ایچ او پہنچا۔