کنگنا کو شنیرا اکرم کا کرارا جواب!
کراچی: سابق کرکٹ اسٹار وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو کرارا جواب دیا ہے۔
کنگنا رناوت فلموں میں اداکاری کرنے سے زیادہ پاکستان کے خلاف زہر اُگلنے اور دوسروں کے ساتھ بلاوجہ جھگڑا مول لینے کے لیے مشہور ہیں اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اس سب کے باوجود وہ خود کو معصوم سمجھتی ہیں اور ان کا خیال ہے کہ وہ کبھی بھی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرتیں بلکہ دوسرے لوگ ان کے ساتھ لڑائی کرتے ہیں۔
حال ہی میں ایک ٹوئٹ میں کنگنا رناوت نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت لڑاکو مشہور ہوں لیکن یہ سچ نہیں۔ میرا ریکارڈ ہے کہ میں کبھی لڑائی شروع نہیں کرتی۔ اگرکسی نے یہ ثابت کردیا کہ ہمیشہ میں لڑائی کا آغاز کرتی ہوں تو میں ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دوں گی۔ بہرحال میں کبھی لڑائی شروع نہیں کرتی لیکن ہر لڑائی کو ختم ضرور کرتی ہوں۔ انہوں نے اپنے کسی مذہبی دیوتا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی تم سے لڑائی کرنا چاہے یا تمہیں لڑائی کرنے کے لیے مجبور کرے تو اسے منع مت کرو۔
وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کنگنا رناوت کے اس ٹوئٹ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہوسکتا ہے آپ لڑائی شروع نہ کرتی ہوں، لیکن آپ مدر ٹریسا بھی نہیں ہیں۔
شنیرا اکرم کے کنگناکو جوابی ٹوئٹ کرنے پر پاکستانیوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ بسیرا اسد نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ شنیرا آپ نے بہت خوب کہا۔ منافقت کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔