کامران ٹیسوری نے 34ویں گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

محمد کامران خان ٹیسوری نے آج شام یہاں گورنر ہاؤس میں ایک سادہ مگر پر اثر تقریب میں صوبہ سندھ کے 34ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے ان سے حلف لیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی صوبائی وزیر سعید غنی، امتیاز شیخ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد محمود بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مقبول صدیقی، رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، سابق میئر وسیم اختر، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی، گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمان، ایڈیشنل آئی جی سندھ اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور تاجر برادری سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

حلف برداری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ، اسپیکر سندھ اسمبلی اور دیگر نے کامران خان ٹیسوری کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ہر ایک کی مشاورت سے اپنی سرکاری ذمہ داری نبھانے کا عہد کیا۔

انہوں نے سندھ کا مقدمہ ہر متعلقہ فورم پر اٹھانے کا عہد بھی کیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز آئین کے آرٹیکل 101(1) کے تحت کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تقرری کی منظوری دی تھی۔

گورنر سندھ کا عہدہ جناب عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی پڑا تھا اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی قائم مقام گورنر سندھ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔