کابل میں ہوائی اڈے سمیت مختلف مقامات پر 10 راکٹ حملے!
کابل: بین الاقوامی ہوائی اڈے (کابل) پر نامعلوم مقام سے ایک راکٹ گرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ایک جہاز کو بھی نقصان پہنچا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں مختلف مقامات پر 10 راکٹ حملے کیے گئے، راکٹس سے کابل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جب کہ دیگر راکٹس عوامی مقامات پر گرے، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایئرپورٹ پر داغے گئے راکٹ سے ایک جہاز کو بھی معمولی نقصان پہنچا جب کہ ایک شخص ہلاک اور دو کے زخمی ہونے کی اطلاع ہیں، تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا، دارالحکومت میں مزید 9 راکٹس بھی داغے گئے ہیں جو عوامی مقامات پر گرے۔ یہ راکٹس ایک گاڑی سے داغے گئے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کابل پر 2 درجن سے زائد راکٹ فائر کیے گئے تھے جس میں 8 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے تھے جب کہ حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔