خاتون سے ہراسانی پر سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

کراچی: خاتون سے ہراسانی کے معاملے پر کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو سزا سنادی گئی، جس کے مطابق انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے اور ساتھ 25 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی محتسب اعلیٰ نے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو سزا سنادی۔ صوبائی محتسب اعلیٰ نے سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا اور ان پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کے مطابق سی ای او کے الیکٹرک پر الزام ثابت ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سی ای او کے الیکٹرک کے خلاف مہرین زہرہ نے شکایت درج کروائی تھی۔
صوبائی محتسب اعلیٰ کے مطابق سی ای او کے الیکٹرک ایک ماہ میں جرمانے کی رقم ادا کریں۔ انہوں نے شکایت کنندہ مہرین زہرہ کو ہراساں کیا اور ذہنی اذیت دی۔ مونس علوی اگر جرمانے کی رقم ادا نہ کریں تو منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے۔ جرمانہ ادا نہ کریں تو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کیا جائے۔
خیال رہے کہ مونس علوی کے خلاف سابق چیف مارکیٹنگ افسر مہرین زہرہ نے شکایت درج کروائی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق شکایت کنندہ کو 2019 میں کے الیکٹرک نے کنسلٹنسی کے لیے رکھا تھا۔
مہرین زہرہ کی درخواست پر سماعت جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق نے کی۔
بعدازاں کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ پیشہ ورانہ تعلقات میں ہمیشہ دیانت داری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ہے، حالیہ فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی عمل اور اس کو برقرار رکھنے والے اداروں کا احترام کرتا ہوں۔ نتائج میری تجربہ کردہ صورت حال کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے۔ قانونی مشیر کے ساتھ فیصلے کا جائزہ لے رہا ہوں اور اپیل کروں گا۔ لوگوں کی حمایت کے لیے شکر گزار ہوں جو مجھے جانتے ہیں۔