جسٹس (ر) مقبول باقر نگراں وزیراعلیٰ سندھ نامزد، کل حلف اُٹھائیں گے

کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں ڈیڈ لاک ختم ہوگیا۔ جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق۔
ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے دیا گیا تھا، ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے مشورے سے جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس (ر) مقبول باقر کی بطور نگراں وزیراعلیٰ تقرری کی منظوری دے دی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی حلف برداری کی تقریب 16 اگست کو ہوگی۔
خیال رہے کہ جسٹس (ر ) مقبول باقر کا تعلق کراچی سے ہے، جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے پریکٹس شروع کی، وہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے اور اس کے بعد سپریم کورٹ میں بھی خدمات سرانجام دیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں نامزد نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرکا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں یہ بہت اہم ذمے داری ہے، کوشش ہوگی کہ لوگوں کے مسائل حل کرسکیں، قانون اور آئین کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے کردار ادا کروں گا۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے، کوشش ہوگی آئین اور قانون کے مطابق الیکشن ہوں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔