وفاق کو جزائر پر کام کی اجازت کا حکم نامہ سندھ حکومت نے واپس لے لیا
کراچی: حکومت سندھ نے وفاقی حکومت کو جزائر پر کام کی مشروط اجازت کا حکم نامہ واپس لے لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبہ سندھ کے جزائر اور ساحلوں سے متعلق وفاقی حکومت کےاقدامات پر صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کو احتجاجی مراسلہ ارسال کردیا، جس میں کہا گیا کہ سندھ میں موجود جزائر اور سمندری ساحل صوبائی حکومت کے زیر انتظام ہے، وفاق کی جانب سے پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی کے قیام اور آرڈیننس کا اجرا غیر قانونی اور طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ آرڈیننس کا اجراء کرکے سندھ کے جزائر کی ملکیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، سندھ حکومت نے بہتری کے لیے وفاقی حکومت کو آئی لینڈ کی ترقی کی مشروط اجازت دی تھی، تاہم اب پہلے سے کی گئی خط و کتابت اور توثیق پر عمل نہیں کریں گے اور وفاقی حکومت سے جزائر پر کام کی مشروط اجازت کا حکم نامہ واپس لے رہے ہیں۔
سندھ حکومت نے کہا ہے کہ طے شدہ امور کی خلاف ورزی کرکے وفاقی حکومت غیر آئینی غیر قانونی اقدامات کررہی ہے، وفاق نے آئین سےانحراف کرکے آرڈیننس کااجراء کیا، وفاقی حکومت اب سندھ کے جزائر میں نئے شہر بسانے کے منصوبوں پر کام نہیں کرسکے گی۔