جویریہ عباسی نے طلاق کے بعد دوبارہ شادی کیوں نہیں کی؟
کراچی: اداکارہ جویریہ عباسی نے سنگل مدر کی حیثیت سے اپنا تجربہ شیئر کردیا۔
اداکارہ جویریہ عباسی نے گزشتہ دنوں ایک ویب شو میں شرکت کی، جس میں انہوں نے اپنی طلاق اور بچی کی پرورش سے متعلق گفتگو کی۔
جویریہ عباسی نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ یہ کیوں کہتے ہیں سنگل مدر ہونا بہت مشکل ہے، میرے نزدیک یہ ایک پُرجوش بات ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں یہ تصور کیا جاتا ہے کہ شوہر ہونا ضروری ہے اور بچے مرد ہی پالے گا جب کہ میں ایک اداکارہ ہوں، اچھا کماتی ہوں، میرا طرز رہائش بہت اچھا ہے، میں اتنا کماتی ہوں کہ اپنی اولاد کو بہت اچھے سے پال سکتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے مرد کی ضرورت نہیں اور میں نے اپنی بیٹی کو بہت اچھے سے پالا بھی ہے تو کیا ضرورت ہے، مجھے نہیں سمجھ آتا کہ لوگ علیحدگی پر روتے کیوں ہیں، اگر ہوگیا ہے تو رونا بند کریں کیوںکہ اللہ نے آپ کو ایک موقع دیا ہے کہ آپ ایک برے تعلق سے نکل کر خود سے تعلق بنائیں اور اپنی زندگی جئیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد مجھے وقت لگا، میرا اس وقت دل بہت ٹوٹا ہوا تھا میں روئی بھی بہت لیکن میری فیملی نے میرے ساتھ بہت تعاون کیا، لوگ کہتے تھے کہ کیوں کہ میں ایک اداکارہ ہوں، طلاق یافتہ ہوں اور بچی کی ماں بھی تو مجھ سے شادی کون کرے گا لیکن پھر میں نے فیصلہ کیا کوئی مجھ سے کیا مجھے اب کسی سے شادی نہیں کرنی۔
خیال رہے کہ جویریہ عباسی نے 1997 میں اداکار شمعون عباسی سے شادی کی تھی ، 2010 میں دونوں کی طلاق ہوئی، ان کی ایک بیٹی اداکارہ عنزیلہ عباسی ہیں۔