فلم میں شاہ رخ کا باپ بننے کا ایک روپیہ معاوضہ مانگا تھا، جاوید شیخ

کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم اوم شانتی اوم میں اپنے کردار کے لیے محض ایک روپے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا۔
جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب مجھے بالی وڈ فلم اوم شانتی اوم میں کام کی پیشکش کی گئی اور میرے پاس ان کا منیجر کنٹریکٹ لے کر آیا تو اس نے مجھ سے پوچھا کہ پیسے کیا لیں گے آپ۔
جاوید شیخ نے کہا میں نے جواب دیا کہ میں پیسے نہیں لوں گا، اس نے حیرانی سے پوچھا کہ کیوں؟ جس پر میں نے کہا کہ دیکھو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ شاہ رخ کی اُس وقت کی سب سے بڑی فلم میں مجھے اس کے والد کا کردار دیا گیا۔


جاوید شیخ نے کہا بھارت میں اتنے اداکار ہیں، کسی پر بھی انگلی رکھیں تو وہ آپ کو مل جائے گا لیکن اگر آپ نے میرا انتخاب کیا تو یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ شاہ رخ اور فرح خان کے ہاں کہنے کے بعد میں اس فلم میں کام کررہا ہوں، اسی لیے ان دونوں کی وجہ سے میں معاوضہ نہیں لوں گا۔
انہوں نے کہا منیجر نے کہا ایسا نہیں ہوسکتا یہ کمپنی کا اصول ہے، آدھا گھنٹہ وہ میرے پاس بیٹھے رہے جس کے بعد میں نے کہا ٹھیک ہے آپ جاکر شاہ رخ کو کہیں کہ میں ایک روپیہ لوں گا، آپ نے معاہدے میں کچھ لکھنا ہے نہ، تو ٹھیک ہے ایک روپے لکھ دیں۔
جاوید شیخ نے مزید بتایا کہ منیجر نے جب جاکر شاہ رخ اور فرح کو بتایا تو انہوں نے کہا یار پاگل ہو، ایک روپیہ کون لیتا ہے، پھر انہوں نے ہی فیصلہ کیا کہ مجھے کتنے پیسے دینے ہیں۔
خیال رہے کہ بولی وڈ فلم اوم شانتی اوم سے اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈز توڑے تھے۔

 

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔