جمائما گولڈ اسمتھ کو رکشے کی تلاش کیوں ہے؟
لندن: برطانوی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ کو لندن میں پاکستانی رکشے کی تلاش ہے اور اس کے لیے وہ کوشاں ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی جانب سے ایک ٹویٹ میں مداحوں کو اپنی فلم کے لیے پاکستانی رکشے کی ضرورت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
جمائما نے اپنے ٹویٹ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی افراد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہم لندن میں بنائی جانے والی فلم کے لیے پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی تلاش میں ہیں۔
جمائما کے ٹویٹ کے مطابق، انہیں اگلے ہفتے جمعے اور ہفتے کے روز شوٹنگ کے لیے پاکستانی رکشا کی ضرورت ہوگی۔
جمائما نے برطانیہ میں پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی اس حوالے سے کسی کو جانتا ہو یا کسی کے پاس رکشا ہو تو ان کی مدد کرے۔
برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے احتشام الحق نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ وہ برمنگھم میں ایک ایسے شخص کو جانتے ہیں جو اس حوالے سے ان کی مدد کرسکتا ہے،
جمائما نے صارف کے ٹویٹ پر ان سے رابطے کی معلومات طلب کیں جس پر احتشام نے جمائما کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمبر شیئر کرنے کے بجائے ای میل ایڈریس دینے پرہی اکتفا کیا۔
خیال رہے کہ جمائما کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں کس فلم کے لیے پاکستانی رکشے کی ضرورت ہے، تاہم کچھ ماہ قبل انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کی شُوٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔