جیسنڈا نے دوسری بار نیوزی لینڈ کی وزارت عظمیٰ کا حلف اُٹھالیا
ویلنگٹن: جیسنڈا آرڈرن نے دوسری مرتبہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
نیوزی لینڈ کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والی جیسنڈا آرڈرن نے جمعہ کو دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔
عالمی میڈیا کے مطابق حلف برداری کی تقریب ویلنگٹن گورنمنٹ ہاؤس میں ہوئی جس میں جیسنڈا آرڈرن اور ان کی کابینہ کے ارکان نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔
اس موقع پر جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ ہمیں کئی ایسے اہم چیلنجز درکار ہیں، جن پر ہم مل کر قابو پائیں مگر میں پُراعتماد ہوں کہ میرے پاس اس کے لیے ٹیم ہے جو اب باقاعدہ ان پر قابو پانے کے قابل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسنڈا آرڈرن کی کابینہ 20 افراد پر مشتمل ہے جس میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میری کابینہ مجموعی طور پر مختلف نظریات کی نمائندگی کرتی ہے جو بھرپور قابلیت اور بہترین تجربے کے ساتھ کسی بھی بحران میں ہر وقت ملک کی خدمت کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس اصلاحات کے لیے مطلوبہ اکثریت موجود ہے، ان کی ترجیحات میں کورونا پر قابو پانا اور اس کی وجہ سے ملک کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ 40 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے 17 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں زیادہ اکثریت حاصل کی جب کہ کورونا کے باعث انتخابات میں تاخیر کے باوجود ان کی لیبر پارٹی کو جنگ عظیم دوم کے بعد سب سے بڑی کامیابی ملی۔