لیجنڈری فنکار ضیاء محی الدین کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال ہوگیا

کراچی: عالمی شہرت یافتہ صداکار اور اداکار ضیاء محی الدین کی پہلی برسی آج منائی جارہی ہے۔
ممتاز براڈ کاسٹر ضیاء محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1949 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا، آسٹریلیا اور پھر انگلستان سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے 1953 سے 1956 کے دوران رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ لندن سے صداکاری، اداکاری اور ہدایت کاری کی تربیت حاصل کی اور طویل عرصے تک برطانیہ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، کئی مشہور فلموں اور ڈراموں میں کردار نگاری کے ذریعے لوہا منوایا۔
ضیاء محی الدین نے معروف ہدایت کار ڈیوڈ لین کی فلم لارنس آف عربیہ میں ہالی وُڈ ایکٹرعمر شریف اور انتھونی کوئن کے ساتھ کام کیا۔
انہوں نے 1969 سے 1973 تک مشہور ٹی وی ٹاک شو دی ضیاء محی الدین شو کی میزبانی کی، جس نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
ضیاء محی الدین نے پی ٹی وی سے پائل، چچا چھکن، ضیا کے ساتھ اور جو جانے وہ جیتے جیسے پروگرام پیش کیے جب کہ لالی وُڈ فلم ’’مجرم کون‘‘ میں اداکارہ روزینہ کے مقابل ہیرو کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے 1973 سے 1977 تک پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر کی ذمے داری سنبھالی جب کہ فروری 2005 میں کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی بنیاد رکھی گئی تو وہ ناپا کے صدر منتخب ہوئے۔
ضیاء محی الدین کو 2003 میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیازاور 2012 میں صدرِ پاکستان نے ہلالِ امتیاز سے نوازا جب کہ 2017 میں دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
عظیم فنکار ضیاء محی الدین 13 فروری 2023 کو کراچی میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔