اسرائیلی جارحیت: امریکا و ایران کے درمیان آج ہونیوالے مذاکرات منسوخ

تہران/ واشنگٹن: اسرائیل کی لبنان پر جارحیت جاری، جس کی وجہ سے امریکا اور ایران کے درمیان آج سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات منسوخ ہوگئے۔
سوئس وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق برجنسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان طے شدہ مذاکرات اب نہیں ہوں گے۔
سوئس وزارتِ خارجہ کا یہ بیان امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سوئٹزرلینڈ روانگی مؤخر ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ فی الحال نائب صدر آج رات روانہ نہیں ہورہے، لیکن امریکا تکنیکی مذاکرات جلد شروع ہونے کا منتظر ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے طے شدہ مذاکرات اچانک منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ نہیں جارہے۔ دوسری جانب سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے بھی آج طے شدہ مذاکرات کی منسوخی کی تصدیق کی۔
سوئس حکام نے کہا کہ جمعہ کو ہونے والے مذاکرات اب طے شدہ شیڈول کے مطابق نہیں ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کا لائحہ عمل ہمیشہ پیچیدہ اور غیر متوقع رہا ہے، فی الحال جے ڈی وینس کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
امریکا کے بعد ایرانی حکام نے بھی سوئٹزرلینڈ میں امن مذاکرات کے لیے دورہ ملتوی کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ اسرائیل کی لبنان میں جاری جارحیت کی بنا پر سوئٹزرلینڈ کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق مذاکرات کے مقام کا فی الحال ابھی تک کوئی حتمی تعین نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آج بھی لبنان پر اسرائیلی فوجی حملے میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ یہ تازہ بم باری حالیہ دنوں کی شدید ترین بم باری ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عباس عراقچی بھی چیف مذاکرات کار باقر قالیباف کے ساتھ روانہ ہونے کے لیے بالکل تیار تھے، تاہم دورہ آخری لمحات میں ملتوی کردیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔