کیا واقعی سونیا کے 50 لاکھ ہرجانے کے نوٹس سے عروہ لاعلم ہیں؟

کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ عروہ حسین نے کہا ہے کہ انہیں سونیا حسین کی جانب سے بھیجے گئے کسی نوٹس کے بارے میں علم نہیں۔
نئی آنے والی فلم ٹچ بٹن کے ذریعے بہ حیثیت پروڈیوسر ڈیبیو کرنے والی عروہ حسین نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے اداکارہ سونیا حسین کی جانب سے ہرجانے کے دعوے سے لاعلمی کا اظہار کردیا۔
میزبان نے عروہ سے سوال کیا کہ خبریں آرہی ہیں کہ آپ نے تاحال سونیا حسین کو ٹچ بٹن کا معاوضہ ادا نہیں کیا، جس پر انہوں نے آپ کو نوٹس بھیجا ہے۔
عروہ نے اس پر حیران ہوکر کہا کہ مجھے اس بارے میں کچھ نہیں معلوم، میں تو آپ سے سُن رہی ہوں۔
عروہ کا کہنا تھا کہ ٹچ بٹن کئی برس سے ریلیز کے مرحلے میں تھی، پہلے کووڈ کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ متاثر ہوئی اور اس کے بعد ریلیز میں کئی سال لگ گئے، ٹیم نے بہت محنت کی اور سب کو معلوم ہے کہ یہ چھوٹی سی انڈسٹری ہے، ہم چند ہی لوگ ہیں تو فلم بنانا اور اسے ریلیز کرنا اس میں وقت لگتا ہے، شاید سونیا کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔
میزبان نے سوال کیا کہ شو کے بعد آپ سونیا کو کال کرکے غلط فہمی دُور کریں گی؟
عروہ کا اس پر کہنا تھا کہ شاید سونیا نے کی ہوگی کال ابھی تو میں کافی دیر سے آپ کے شو پر ہوں، میری اس سے اس بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ اب سے کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ سونیا حسین نے ٹچ بٹن کی پروڈیوسر عروہ حسین کو فلم میں اداکاری کا معاوضہ ادا نہ کرنے پر 50 لاکھ ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ فلم ٹریلر لانچ کی تقریب میں شامل نہیں ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید کی پروڈیوس کردہ فلم ٹچ بٹن 11 نومبر کو پاکستان کے سنیما گھروں پر ریلیز کی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔