ایرانی صدارتی انتخابات: تمام امیدوار مطلوبہ اکثریت لینے میں ناکام، 5 جولائی کو دوبارہ پولنگ
تہران: گزشتہ ماہ صدر رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ناگہانی وفات کے بعد ایران میں قبل ازوقت ہونے والے صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرسکا، جس کے بعد دوبارہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صدارتی انتخابات میں کسی امیدوار کو اکثریت (50 فیصد ووٹ) نہ ملنے کے باعث ایران میں 5 جولائی کو دوبارہ صدارتی الیکشن منعقد ہوں گے، صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مسعود پزیشکیان اور سعید جلیلی میں مقابلہ ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کل ہونے والے انتخابات میں جو نتائج سامنے آئے ہیں ان میں مسعود پزیشکیان قریباً ایک کروڑ 40 لاکھ ووٹ لے کر سب سے آگے رہے جب کہ ان کے مضبوط حریف سعید جلیلی نے قریباً 95 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔
ایران کے صدارتی الیکشن میں محمد باقر 34 لاکھ ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے جب کہ مصطفیٰ پور محمدی محض 2 لاکھ سے کچھ زائد ووٹ حاصل کرسکے۔
ایرانی الیکشن کمیشن کے مطابق 28 جون کو صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا جب کہ 2021 کے صدارتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ 48 فیصد تھا، صدارتی انتخابات میں 2 کروڑ 45 لاکھ ووٹوں کی گنتی مکمل کی گئی۔
ایرانی صدارت کے لیے سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پزیشکیان اور مصطفیٰ پور محمدی کے درمیان مقابلہ تھا مگر 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرسکنے کے بعد اب ایران میں 5 جولائی کو صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں دوبارہ ووٹ ڈالے جائیں گے۔