ایران کا طویل ہدف کو نشانہ بنانیوالے میزائل کا کامیاب تجربہ

تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے طویل ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون کا تجربہ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے زمین سے سمندر میں مار کرنے والے لانگ رینج میزائل اور ڈرون کا تجربہ کیا، جو امریکا سے حالیہ کشیدگی کے بعد دو ہفتوں میں ایران کی جانب سے چوتھی بار فوجی قوت کا مظاہرہ ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے ہفتے کو لانگ رینج بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا اور اسے مشرقی حصے میں بھارتی سمندر میں مقررہ مصنوعی ہدف کی طرف فائر کیا، میزائل نے 1800 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ہدف کو نشانہ بنایا۔
میزائل تجربے پر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد بغیری کا کہنا تھا کہ سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے والے ایک بہت زیادہ لانگ رینج میزائل کا انتخاب یہ ظاہر کرتا ہے کہ اگر ایرانی بندرگاہوں کے دشمن ہمارے قومی مفاد، سمندری تجارتی راستوں اور زمینوں کی طرف کوئی تخریب کاری کریں تو انہیں میزائل کے ذریعے نشانہ بناکر تباہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا جارحیت کا کوئی ارادہ نہیں، لیکن اس تجربے کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ اگر ہمارے ملک پر کوئی جارحیت ہوئی تو اس کا پوری طاقت اور مختصر وقت میں جواب دیا جائے گا۔
اس موقع پر پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی کا کہنا تھا کہ اب ملک کی ایک بڑی فوجی تنظیم دشمن کے جنگی جہازوں اور ایئر کرافٹ کو بھی نشانہ بنانے کے قابل ہے۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے جمعہ کو بھی کئی درجن میزائل فائر کیے، جن کی لوکیشن نامعلوم صحرائی علاقہ تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔