انضمام الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق انضمام الحق نے چیئرمین پی سی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کو استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے کی تصدیق بھی کردی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک اخبار میں شائع ہونے والی خبر میں بتایا گیا تھا کہ انضمام الحق کے اپنے اور کھلاڑیوں کے ایجنٹ طلحہ رحمانی کی کمپنی میں شیئرز ہیں، جس کے مالکان میں محمد رضوان بھی شامل ہیں۔
اس انکشاف کے بعد انضمام الحق پر بطور چیف سلیکٹر مفادات کے ٹکرائو کا الزام سامنے آیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا تھا کہ پی سی بی ایجنٹ کے ساتھ کمپنی میں شیئر ہولڈر ہونے کے معاملے میں انضمام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔
ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی خراب ہے اور مسلسل 4 میچز میں شکست کے بعد سیمی فائنل میں رسائی قریباً ناممکن بن چکی ہے۔ ایسے میں ناقدین کی جانب سے کپتان بابراعظم کے ساتھ چیف سلیکٹر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔