سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کیخلاف متنازع بیان پر تحقیقات شروع
کراچی: راشد لطیف اپنے متنازع بیان کے باعث مشکل میں پھنس گئے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر پروگرام میں متنازع بیان دینے اور کمنٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کرکٹر راشد لطیف کے خلاف دو مختلف شکایات پر تحقیقات شروع کردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد لطیف کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر منیجر لیگل نے این سی سی آئی کو باقاعدہ درخواست دی اور موقف اختیار کیا کہ انہوں نے یوٹیوب چینل کے ایک پروگرام کے دوران کرکٹر محمد رضوان کے حوالے سے بیان دیا کہ اگر انہوں نے کسی ملک کا جھنڈا اٹھا لیا تو اس کو کپتانی سے ہٹادوگے کیا۔
اسی طرح دوسری درخواست میں الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مبینہ طور پر پی سی بی اور چند منسلک افراد پر جوئے کی ایپس پروموٹ کرنے کا مبینہ الزام عائد کیا کہ جوئے کا لوگو لگانے اور چھپانے میں سزا اور جزا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق راشد لطیف کو دونوں انکوائریز میں طلب کیا گیا، جس پر وہ پیش ہوئے اور اپنے ابتدائی بیان ریکارڈ کروائے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے راشد لطیف کو سوال نامہ بھی وصول کرایا گیا، جس کا جواب وہ آئندہ چند دنوں میں انکوائری افسران کو جمع کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق جوابات کی روشنی میں تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔