دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی فخر سے کروں گی، سیدہ فضہ فاطمہ نقوی

مس پاکستان ورلڈ 2025 کا اعزاز جیتنے والی شخصیت سے خصوصی ملاقات

انٹرویو: ہانیہ سلمان

سیدہ فضہ فاطمہ نقوی قابل اور ذہین شخصیت کی حامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے مس پاکستان ورلڈ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ وائس آف سندھ نے ان کے ساتھ خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا، جس میں انہوں نے اپنی زندگی، تعلیم اور مقاصد کے حوالے سے کُھل کر اظہار کیا ہے۔ یہ انٹرویو قارئین کے لیے پیش خدمت ہے۔
سوال: اپنے پس منظر، تعلیم، خاندان اور کامیابیوں سے متعلق بتائیے؟
جواب: میں ایک محبت کرنے والے خاندان میں پلی بڑھی، جس نے ہمیشہ میرے خوابوں اور مقاصد میں میرا ساتھ دیا۔ میں نے بزنس میں بیچلر کیا ہے اور ایم بی اے کے تین سمسٹر مکمل کیے ہیں۔ تعلیمی اعزازات حاصل کیے اور تخلیقی منصوبوں کی قیادت کی، جنہوں نے میری شخصیت کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔


سوال: آپ کو مس پاکستان ورلڈ کے مقابلے میں حصہ لینے کی ترغیب کس چیز سے ملی؟
جواب: میری ثقافت سے محبت اور پاکستانی خواتین کی عالمی سطح پر نمائندگی کا جذبہ میری تحریک تھا۔ میں روایتی تصورات کو چیلنج کرنا چاہتی تھی اور اس پلیٹ فارم کو مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھی۔
سوال: اب جب کہ آپ یہ اعزاز جیت چکی ہیں، آپ کے مستقبل کے کیا منصوبے ہیں؟
جواب: میں خواتین کے حقوق، تعلیم اور ذہنی صحت کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہتی ہوں اور دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی فخر سے کروں گی۔


سوال: کون سا مقصد یا سماجی مسئلہ ہے جس کے لیے آپ پُرجوش ہیں؟
جواب: میں تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن سے وابستہ ہوں۔ میں خاص طور پر پس ماندہ علاقوں کی لڑکیوں کو خواب دیکھنے اور اپنی اہمیت پر یقین رکھنے کی تحریک دینا چاہتی ہوں۔


سوال: آپ اپنا فارغ وقت کیسے گزارتی ہیں، کوئی خاص مشغلے؟
جواب: مجھے فیشن اسٹائلنگ، انٹیریئر ڈیزائننگ، مطالعہ اور اپنوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند ہے۔ یہ مشغلے میری تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے اور مجھے زمین سے جوڑے رکھتے ہیں۔


سوال: بیوٹی پیجنٹس میں حصہ لینے کی خواہش مند خواتین کو کیا مشورہ دیں گی؟
جواب: خود پر یقین رکھیں اور اپنی انفرادیت کو اپنائیں۔ مقابلہ حُسن صرف خوبصورتی کا نہیں بلکہ مقصد، اعتماد اور اپنی آواز کے ذریعے تبدیلی لانے کا نام ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔