بیرونی ایئرلائنز کے پاکستانی مسافروں کے لیے کورونا نیگیٹو رپورٹ کی شرط
اسلام آباد: اتحاد، قطر، امارات ایئرلائنز نے پاکستانی مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔
غیر ملکی ایئرلائنز کی جانب سے پاکستانی مسافروں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں بیرون ممالک جانے والے مسافروں کے لیے کورونا نہ ہونے کی رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ بیرون ممالک جانے والے مسافر کورونا ٹیسٹ روانگی سے 4 دن قبل کروائیں گے۔
غیر ملکی ایئرلائنز قطرایئرویز، اتحاد ایئرلائنز اور امارات ایئرلائنز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے کے خواہش مند مسافر کورونا ٹیسٹ قطر، اتحاد، امارات ایئرلائنز کی منظور شدہ لیبارٹریز سے کرواسکتے ہیں اور منظورشدہ لیبارٹریز کی تفصیلات ایئرلائنز کے دفاتر، ٹریول ایجنٹس سے معلوم کی جاسکتی ہیں جب کہ منظور شدہ لیبارٹریز کی لسٹ ایئرلائنز کی ویب سائٹس پر بھی موجود ہے۔