اندرون سندھ بارشیں، سیلاب، مکانات منہدم، درجنوں افراد جاں بحق

حیدرآباد/ سکھر/ میرپورخاص: اندرون سندھ طوفانی بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے، خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ مختلف شہروں میں گھروں کی چھتیں گرنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق خیرپور میں احمد پور کے قریب گوٹھ پنگیار وڈا میں مسجد کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 8 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر خیرپور کے مطابق بارش کے باعث 50 سے زائد افراد نے مسجد میں پناہ لے رکھی تھی تاہم وزن زیادہ ہونے کے باعث مسجد کی کچی چھت گر گئی اور متعدد افراد دب گئے۔
ادھر خیرپور ہی کے علاقے پریالو میں مکان کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
شکارپور کے نواحی علاقے میں بھی کچے مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہے۔

دادو میں بھی بارش کے باعث گاؤں بٹ سرائی میں مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں خاتون اور 2 بچیاں جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
دادو ہی کے گاؤں منگی کابھان میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث پچھلے 10 سے 12 دنوں کے دوران درجنوں افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ سیکڑوں کچے مکانات بارش کی تاب نہ لاتے ہوئے منہدم ہوچکے ہیں۔ کئی دیہات بدترین سیلاب کی زد میں ہیں۔ بے شمار افراد بے یارومددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

کپاس، مرچ، پیاز اور دیگر کئی کھڑی فصلیں تیز برسات کے باعث برباد ہوچکی ہیں۔ کاشت کاروں کو بے پناہ نقصانات اُٹھانے پڑے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔