رجب بٹ کی جوا ایپ پروموشن کیس میں عبوری ضمانت منظور

لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک کی جوئے کی ایپ پروموشن کے مقدمے میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ اور ندیم نانی والا عبوری ضمانت کے لیے پیش ہوئے۔
ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے جوا ایپ کیس میں دائر عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا جب کہ 6 جنوری تک رجب بٹ اور ندیم نانی والے کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ رجب بٹ اسلام آباد ہائی کورٹ سے پہلے ہی ضمانت حاصل کرچکے ہیں، جس پر ہائی کورٹ نے انہیں سیشن کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت جاری کی تھی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 6 جنوری تک توسیع دے دی۔ کیس کی مزید سماعت مقررہ تاریخ کو ہوگی۔
رجب بٹ اور ندیم نانی والا نے بیرسٹر میاں علی اشفاق کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ رجب بٹ نے ایک جب کہ ندیم نانی والا نے این سی سی آئی اے کے دو مقدمات میں ضمانت دائر کیں۔ این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔