بھارت کے عام انتخابات: بی جے پی کو ایودھیا میں بڑی شکست
نئی دہلی: بھارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایودھیا میں بھی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندربنانے کے باوجود مودی کے امیدوار کو انتخابات میں شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فیض آباد کے حلقے سے بی جے پی کے سینئر رہنما للو سنگھ کو سماج وادی پارٹی کے اودھیش پرساد نے 56 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔
بی جے پی کی اہم رہنما اور مودی کابینہ کی اہم وزیر سمرتی ایرانی کو امیٹھی میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ انتخابات میں کانگریس رہنما راہول گاندھی کو ہرانے والی سمرتی ایرانی کو کانگریس کے امیدوار کشوری لعل شرما نے 3 لاکھ 72 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔
دوسری جانب حیدرآباد دکن میں مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے والی اور انتخابی مہم کے دوران مسجد کی طرف علامتی تیر چلانے والی مادھوری لٹھا کو اسدالدین اویسی نے 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد ووٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوا اور 7 مراحل میں یکم جون تک تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں پولنگ ہوئی۔ انتخابات کے دوران 97 کروڑ سے زائد افراد نے ووٹ کاسٹ کیے۔