بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا
سری نگر: دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری مسلمانوں نے آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔
مقبوضہ کشمیر میں حریت کانفرنس کی اپیل پر مکمل ہڑتال رہی، کاروبار بند اور سڑکیں ویران رہیں۔
مقبوضہ وادی میں بھارت مخالف مظاہرے کیے جارہے ہیں اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں جب کہ قابض بھارتی فوج نے وادی کے کئی علاقوں کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 75سال سے کشمیری حق خودارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں، لاکھوں بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کی خواہشات کچلنے کے لیے تعینات کیا گیا۔
میر واعظ عمر فاروق کا مزید کہنا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کا قتل عام جاری ہے اور احتجاج کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
دُنیا کے مختلف ممالک میں بھی کشمیری مسلمانوں نے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا۔