خطے کو درپیش چیلنجز کے خاتمے کیلئے ایکدوسرے سے دیانتداری کیساتھ بات چیت ضروری ہے، بھارت
اسلام آباد: بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی ہیڈز آف کونسل کی سربراہی سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
اسلام آباد میں ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کی ایس سی او کی صدارت کی میعاد کے دوران بھرپور تعاون کرے گا۔
ہمارا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب دنیا مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ دو بڑے تنازع جاری ہیں جن کے پوری دنیا پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ کورونا وبا نے ترقی پذیرممالک کو بری طرح متاثرکیا۔ ایس سی او کے رکن ممالک کو قرضوں سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
ایس سی او کے چارٹر کے بنیادی مقاصد باہمی اعتماد، دوستی اورہمسایہ ممالک سے خوش گوار تعلقات کا فروغ ہیں۔ علاقائی طور پریہ بہت سے پہلوؤں کے ساتھ مشترکہ تعاون ہے۔ چارٹر میں درپیش چیلنجز کو بھی بھرپور طریقے سے واضح کیا گیا ہے۔ ایس سی او نے جن تین بڑے اور بنیادی چیلنجز سے نمٹنے کا عزم کیا ہے ان میں پہلا دہشت گردی، دوسرا علیحدگی پسندی اور تیسرا انتہا پسندی ہے۔
جے شنکر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایس سی او کے چارٹر کو موجودہ صورتحال میں دیکھا جائے تو ان تینوں سے نمٹنے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ان چیلنجز کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ دیانت داری سے بات چیت ضروری ہے۔ باہمی اعتماد کی کمی یا ناکافی تعاون کے باعث اگر ہمسایوں کے تعلقات اور دوستی اچھی نہیں تو اس کی وجوہ کا پتا لگانا اور ان وجوہ کو ختم کرنا بہت ضروری ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایس سی او کے چارٹر پر عملدرآمد اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں باہمی تعاون اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
یہ صرف ایس سی او کے رکن ممالک کے لیے ہی فائدہ مند نہیں بلکہ پوری دنیا کو اس سے آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ گلوبلائزیشن اورری بیلنسنگ ایسے حقائق ہیں جن سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اگر ہم ان نکات پر عمل کرلیتے ہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے خطے کو اس سے بے حد فائدہ نہ پہنچے۔ تجارت، مواصلات ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔