بھارتی فنکاروں کی دربار صاحب کرتارپور آمد پر بھرپور استقبال

کرتارپور: بھارت کے فنکاروں کی دربار صاحب کرتارپور آمد پر پاکستانی فنکاروں کی جانب سے پُرجوش استقبال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی وفد میں اداکار ہریش ورما، شرن کور، جسکرن گل، چندرکمبوج، راج ویندر، بلجیت سنگھ، اسپن اور دیگر شامل تھے جب کہ پاکستانی فنکاروں اداکارہ روبی انعم، قیصر پیا، سردار کمال، اظہر بٹ، آصف اقبال اور شجر عباس نے ان کا استقبال کیا۔
بھارتی فنکاروں کے وفد نے دربار صاحب کرتارپور پر حاضری دی اور اپنی مذہبی رسوم ادا کی۔
اس موقع پر اداکار ہریش ورما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر سکون ملا، کرتارپور آنا ہماری یادوں میں ہمیشہ تازہ رہے گا، یہاں سے جانے کو دل نہیں کررہا، دوبارہ پھر آئیں گے، محبتوں کا یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہنا چاہیے، اس دھرتی پر سب کے لیے پیار ہے۔
بھارتی اداکارہ شرن کور نے کہا کہ کرتارپور کی خوبصورتی بیان کرنا مشکل ہے، کرتار پور پہلی بار آئی ہوں، یہاں آنا ایک خواب لگتا تھا۔
جسکرن سنگھ نے کہا کہ آج کے دورے کا سارا سہرا پروڈیوسر اظہر بٹ کو جاتا ہے، فلمیں بنتی رہیں گی، ہم آگے بھی فلم بنائیں گے لیکن آج پیار لے کر جارہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستانی اداکار قیصر پیا نے کہا کہ ساری زندگی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، دعا ہے ہم سارے اسی طرح ملتے رہیں جب کہ اداکارہ روبی انعم نے کہا کہ یہ پیار ہمیشہ رہنا چاہیے، پیار کے رشتے بنتے ہیں اور ان کو مزید بننا چاہیے۔
خیال رہے کہ فلم ڈرامے آلے کی کاسٹ بھارتی اور پاکستانی فنکاروں پر مشتمل ہے، فلم کی کاسٹ میں اداکار قیصر پیا، سردار کمال، آصف اقبال، شاہد خان، روبی انعم، ہریش ورما اور شرن کور شامل ہیں۔ فلم 19 جنوری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں ریلیز ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔