بھارتی میزبانی میں ایشیا کپ 2025 کے مقابلے دبئی میں ہوں گے

دبئی: ایشیا کپ بھارت کے بجائے دبئی میں کھیلا جائے گا، ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2025 دبئی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر میں شیڈول ایونٹ، ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، ایشیا کپ کی میزبانی تو بھارت کے پاس رہے گی لیکن ایونٹ کا انعقاد دبئی میں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے حوالے سے تیاری جاری ہے اور تفصیلات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔
ایشیا کپ کا انعقاد بھارت میں شیڈول تھا، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے دبئی منتقل کیا گیا ہے۔
ویسے بھی پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں میں جو کوئی بھی ایونٹ منعقد ہوگا، دونوں ملک نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔
نیوٹرل وینیو پر ایونٹ منعقد کرانے کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا بغیر کسی مشکل کے کرانا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل 2023 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوئے ایشیا کپ میں بھارت کے میچز سری لنکا جبکہ رواں برس پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے تمام میچز دبئی میں کرائے گئے تھے۔
ایشیا کپ کا یہ ایڈیشن چونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے منعقد ہورہا ہے، اس لیے اس کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔