بھارت نے اپنی سرزمین پر منعقدہ ایونٹس کیلئے ہائبرڈ ماڈل مسترد کردیا

نئی دہلی: پاکستان میں موعودہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر بضد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے ملک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ فارمولا ماننے سے انکار کردیا۔
دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2031 تک بھارت میں شیڈول تمام آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہائبرڈ ماڈل ہی اپنانے کا فارمولا پیش کیا تھا کہ اگر چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پھر گرین شرٹس بھی بھارت کا رخ نہیں کریں گے، کیونکہ سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے حکومت اجازت نہیں دے گی۔
تاہم اب بی سی سی آئی نے موقف اپنایا ہے کہ بھارت میں سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، اس لیے کوئی بھی ایونٹ ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگا۔
قبل ازیں بھارت کے علاوہ آئی سی سی کے وفود پاکستان میں سیکیورٹی اور اسٹیڈیمز کی تعمیرات کا جائزہ لے کر جاچکے ہیں، لیکن کوئی اعتراض نہیں اٹھایا، تاہم بھارت نے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکار کردیا۔
دھیان رہے کہ آئی سی سی کے تحت ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ، ٹی20 ورلڈکپ 2026 اور 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کے علاوہ 2031 کا ون ڈے ورلڈکپ بھی بھارت میں ہی شیڈول ہے۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر آئی سی سی بورڈ آئندہ چند دنوں میں دوبارہ اجلاس طلب کرے گا۔
دوسری جانب پی سی بی ایونٹ کی مکمل میزبانی کرنے پر قائم ہے جبکہ ہائبرڈ کی صورت میں دوٹوک موقف پر ڈٹا ہوا ہے کہ 2031 تک تمام ایونٹس جو بھارت میں ہوں گے انہیں بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروایا جائے گا، جس پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔