بھارت: سیلاب کے ساتھ بڑے مگرمچھوں کی آمد سے خوف و ہراس
وڈودارا: بھارت کی ریاست گجرات کے شہر وڈودارا میں طوفانی بارشوں کے باعث مقامی ندی میں سیلاب آگیا، جس کے ساتھ بڑے مگرمچھ بھی رہائشی مقامات میں داخل ہوگئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
وڈودارا کے شہری ناصرف اب گھروں اور گلیوں میں بھرے ہوئے پانی سے نمٹ رہے بلکہ بڑے مگرمچھوں کی تلاش میں بھی رہنا پڑرہا ہے جو ان کے جانوروں کو حملہ کرکے اپنی بھوک مٹاسکتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے دریائے وشوامتری کے پانی میں بہنے کے بعد سے دیوہیکل مگرمچھوں کی گلیوں میں چہل قدمی اور نہروں میں تیراکی کی ویڈیوز بھارتی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔
دریا وشوامتری میٹھے پانی کے سیکڑوں مگرمچھوں کا گھر ہے جن میں سے کم از کم دو درجن وڈودرا میں پکڑے گئے تھے۔
وڈودرا رینج فارسٹ آفیسر کرن سنگھ راجپوت نے بتایا کہ ہم نے جس چھوٹے مگرمچھ کو پکڑا وہ دو فٹ لمبا تھا جب کہ سب سے بڑا 14 فٹ لمبا تھا، جسے دریا کے کنارے واقع کامناتھ نگر سے پکڑا۔
فاریسٹ آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ مقامی باشندوں نے ہمیں ایک اور بڑے مگرمچھ کے بارے میں آگاہ کیا جو ای ایم ای سرکل اور ایم ایس یونیورسٹی کے زولوجی ڈیپارٹمنٹ کے قریب کھلے علاقے میں موجود تھا، جس کی لمبائی گیارہ فٹ تھی۔