بھارت: اقبال سے متعلق مضمون نصاب سے نکال دیا گیا
نئی دہلی: بھارت میں جب سے مودی سرکار برسراقتدار آئی ہے، تعصب انتہا پر پہنچا ہوا ہے، بھارت میں ایک بار پھر متعصبانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے علامہ اقبال سے متعلق مضمون نصاب سے نکال دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق غیرمنقسم ہندوستان کے لیے مشہور ترانہ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا لکھنے والے اور نظریہ پاکستان کے خالق علامہ محمد اقبال سے متعلق مضمون نصاب سے نکال دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق دہلی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال سے متعلق مضمون نکالنے کی قرارداد منظور کرلی۔ علامہ اقبال سے متعلق مضمون بی اے کے نصاب میں شامل ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد پولیٹیکل سائنس کے نصاب میں شامل علامہ اقبال کے بارے میں مضمون اقبال: کمیونٹی کو نصاب سے نکال دیا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مضمون کو نصاب کو جدید بنانے کی مہم کے سلسلے میں حذف کیا گیا۔