پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے لیٹر اضافہ

اسلام آباد: پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے کا بڑا اضافہ کردیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں قریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا پٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں قریباً 20 روپے تک کی کمی کی گئی جب کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 29 اور 30 روپے کی کمی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ روپے کی قدر کے اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ اسی طرح مٹی کا تیل 189 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 187 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔