عمران خان لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان جمعہ کو کریں گے
لاہور: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے جمعہ کو حکومت کے خلاف اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان کردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان جمعہ کو کروں گا، پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلا میرا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد امریکا کی غلامی سےآزادی کے لیے ہے، موجودہ حکومت امریکی سازش کے تحت وجود میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت میں بیٹھے چوروں اور لٹیروں کو مسترد کرتے ہیں، ہمیں اپنے بچوں کے لیے ملک کو آزاد کروانا ہوگا۔ عمران خان نے وکلا کو اسلام آباد مارچ کے لیے دعوت دی اور کہا کہ تحریک آزادی میں وکلاء نے جو کردار ادا کیا اسی طرح اسلام آباد مارچ کو کامیاب بنائیں۔