سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد قوم نے متحد ہوکر دہشت گردی کو شکست دی، وزیراعظم

پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد پوری قوم نے متحد ہوکر دہشت گردی کو شکست دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسپتالوں میں اصلاحات کا مقصد نجکاری نہیں بلکہ غریبوں کو سہولتیں دینا ہے جب کہ حکومت کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ پورے ملک میں اسپتال بنائے۔
وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول افسوس ناک تھا لیکن سانحہ اے پی ایس نے قوم کو متحد کیا، قوم نے اتحاد سے دہشت گردی کو شکست دی اورفیصلہ کیا کہ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔
وزیراعظم نے پشاورانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے افتتاح پرخیبرپختونخوا حکومت کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پشاورانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی علاقے کے لیے بہت بڑی نعمت ہے، عوام کو امراض قلب کے علاج کی سہولت کے لیے یہ ایک اہم منصوبہ ہے، افغانستان سے بھی یہاں مریض علاج کرانے آئیں گے، لوگ بار بار پوچھتے ہیں کہ مدینہ کی ریاست کہاں ہے، پشاورانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی مدینہ کی ریاست کی طرف ایک قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاورکارڈیک انسٹی ٹیوٹ مکمل کرنے پر خیبرپختونخوا حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بدقسمتی سے اشرافیہ، وزرائے اعظم، وزرا علاج کے لیے باہر جاتے رہے، عام آدمی کا نہیں سوچا کہ وہ کیا کرے گا، جب غریب گھرانے میں کوئی بیمارہوتا ہے توپورا بجٹ خراب ہوجاتا ہے، ہم نے کورونا کے دوران فنڈ ڈھونڈے اوراسپتال مکمل کیا، دنیا کی پہلی فلاحی ریاست حضرت محمد ﷺ نے بنائی تھی، جس میں کمزور طبقے کی ذمے داری لی گئی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ دیے جائیں گے، حکومت کے پاس اتنے پیسے اور وسائل نہیں کہ پورے ملک میں اسپتال بنائیں، جتنا بھی ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے اس کا آدھا تو قرضوں کی مد میں چلا جاتا ہے، ہیلتھ کارڈ سے پرائیویٹ یا گورنمنٹ اسپتال میں علاج کرایا جاسکے گا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سستے داموں پرائیویٹ اسپتالوں کے لیے زمین دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا سب سے اہم کام لوگوں کی صحت کا خیال رکھنا ہے، پمز میں اسپتال اصلاحات کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، پیغام دینا چاہتا ہوں اصلاحات کا مقصد نج کاری نہیں بلکہ غریبوں کو پرائیویٹ اسپتال جیسی سہولتیں دینا اور نظام ٹھیک کرنا ہے، پرائیویٹ اسپتالوں میں سزا و جزا کا نظام ہوتا ہے، اس طرح سرکاری اسپتالوں کو بھی اصلاحات کے ذریعے بہتر بنایا جائے گا، ہم چاہتے ہیں کہ صحت کے شعبے میں سرکاری اسپتال نجی اسپتالوں کا مقابلہ کریں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔