عمران خان نے قوم کیساتھ 190 ملین پاونڈز کا فراڈ کیا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب ہم حکومت میں آئے تو آئی ایم ایف کے سامنے ایڑیاں رگڑیں، عالمی مالیاتی ادارے نے پتا نہیں کہاں کہاں انگوٹھے لگوائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی میں میرے خلاف 2 سال تک تحقیقات ہوتی رہیں۔ پاناما میں نواز شریف کا دُور دُور تک نام نہیں تھا۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ڈیلی میل کی مجھ پر الزامات کے بعد معافی بھی عیاں ہوگئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے شریف خاندان نہیں بلکہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ کیس پاناما کا تھا اور سزا اقامہ پر دی گئی۔ میں نے اعلان کیا کہ میں ان کے خلاف عدالت میں جاؤں گا۔ ڈیلی میل نے غیر مشروط معافی مانگی۔ عمران خان کے دباؤ پر مجھ پر الزامات لگائے گئے۔ ان کے الزامات سے ملک کی جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے دنیا کو پیغام دینے کی کوشش کی کہ پاکستان کو ایڈ نہ دو حکمران کھاجائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل نے 3 سال معاملے کو لٹکائے رکھا۔ کورونا کا بہانہ کرکے ڈیلی میل نے 3سال ضائع کیے۔ ڈیلی میل نے مجھ سے نہیں پاکستان کے 22کروڑ عوام سے معافی مانگی ہے۔ بالآخر ڈیلی میل نے معافی مانگی اور پاکستان کو عزت ملی۔ اس طرح کے الزامات وہی لگاسکتے ہیں جو ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے گھڑی دے کر عمران نیازی کو نہیں، پاکستان کے عوام کو عزت دی۔ عمران خان نے تحفے میں ملی خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دن رات جھوٹ بولا گیا جس کی مثال نہیں ملتی۔ ایک شخص نے ہماری معیشت کو تباہ اور خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا۔ گزشتہ حکومت نے ہمارے خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ پوری دنیا میں شریف خاندان کو رسوا کرکے رکھ دیا۔ ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران اور حواریوں نے الزامات لگانے کے سوا کچھ نہ کیا، کوئی الزام ثابت نہ کرسکے۔ ڈیلی میل کے ڈیوڈ روز کو پاکستان کی سیر کرائی گئی۔ عمران خان نے صرف گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا۔ عمران خان جس شخص پر گھڑی بیچنے کا دعویٰ کرتے رہے اس کی تردید بھی سامنے آگئی۔ عمران خان نے پاکستان کے دوست ممالک کو ناراض کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کو عمران نے بے گناہ گرفتار کروایا اور اپنی بہن کو این آر او دیا۔ عمران خان نے پاکستان کے ڈونرز کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ شوکت خانم کے نام پر پیسے لے کر سیاست میں استعمال کیے۔ بے گناہ مریم نواز کو گرفتار کروایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے آگے ایڑیاں رگڑیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ آپ بات کرتے ہیں تو مکر جاتے ہیں۔ آئی ایم ایف نے پتا نہیں کہاں کہاں انگوٹھے لگوائے۔ سخت شرائط کے بعد آئی ایم ایف پاکستان کو قرضہ دینے پر راضی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کو بچانے کے لیے سیاست کو قربان کیا۔ مخلوط حکومت نے پوری کوشش کے بعد ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ ہر روز ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا شوشہ چھوڑا جاتا ہے۔ عمران خان کی پوری کوشش تھی کہ ملک سری لنکا بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے لیے معرض وجود میں نہیں آیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ادویہ سستی دیں، کھاد آدھی قیمت پر دیتے رہے۔ جب سستی گیس مل رہی تھی تو انہیں پروا نہیں تھی۔ یہ اپنی حکومت میں مخالفین کے خلاف کیسز بنانے پر لگے رہے۔ 4سال جھوٹ، فریب اور سیاسی مخالفین کو نشانہ بناتے رہے۔ عمران خان نے ملک کو جو نقصان پہنچایا اس کا قوم کو جواب دیں۔ انہوں نے پہلے چینی ایکسپورٹ کی اور پھر امپورٹ کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے قوم کے ساتھ 190ملین پاونڈز کافراڈ کیا۔ عمران نیازی نے سب سے بڑا 50 ارب روپے کا فراڈ کیا۔ سیلاب نے تباہی مچائی،70ارب روپے وفاق نے فراہم کیے۔ اپنے محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرِین کی بڑھ چڑھ کر مدد کی۔ سیلاب متاثرین کی نوآبادی کاری کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔ ہم نے سیلاب متاثرین کے لیے لاکھوں گھر بنانے ہیں۔