انسداد دہشت گردی عدالت کے بعد سیشن کورٹ سے بھی عمران کی ضمانت منظور
اسلام آباد: خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیوں کے مقدمے کے بعد دفعہ 144 کے مقدمے میں بھی پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت کے بعد دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں ضمانت کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد پہنچے۔
سابق وزیراعظم کی ایف ایٹ کچہری آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو کچہری میں جانے کی اجازت نہ تھی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں 7 ستمبر تک ان کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ضمانت کے لیے 5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے پولیس کو بھی 7 ستمبر کو مقدمے کے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شہباز گل کی حمایت میں احتجاجی جلسہ کیا تھا جس پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔