عمران خان کا حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری اور دیگر وکلاء کی ملاقات ہوئی ہے، خان صاحب نے پہلے بھی حکومت کو سات دن کا وقت دیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آج اگر حکومت نے کمیشن کا اعلان نہ کیا تو ہمارے مذاکرات ختم ہیں۔
بیرسٹر گوہر اگر کمیشن کا اعلان اسی دوران نہیں ہوتا تو ہمارے مذاکرات کے مزید رائونڈ آگے نہیں چلیں گے، حکومت نے کمیشن کا اعلان ابھی تک نہیں کیا، ہماری خواہش تھی مذاکرات ہوں اور آگے چلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے جس سے بھرم نکل نہیں رہی، کمیشن بننا ہے تو تین سینئر ججز سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ سے ہونے چاہئیں، ہم آئین اور قانون کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ اور 26ویں ترمیم کے خلاف کوشش کریں گے، ساری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد شروع کریں گے، خان صاحب نے کہا آج کے دن تک کمیشن کا اعلان ہونا تھا نہیں ہوا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ خان صاحب پہلے کہہ چکے ہیں، ہمیں کسی بیرون ملک کی مدد کا انتظار نہیں نہ پی ٹی آئی اس بات پر یقین کرتی ہے۔