وزیراعظم کا مروہ قتل اور موٹروے پر اجتماعی زیادتی کے واقعے کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم نے کراچی میں ننھی مروہ سے زیادتی و قتل جب کہ لاہور موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے افسوس ناک واقعات کا نوٹس لے لیا۔
عمران خان سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور ملکی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ فیصل واوڈا نے کراچی میں ننھی مروہ سے جنسی زیادتی و قتل جب کہ گزشتہ رات موٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والا معاملہ اٹھایا۔
وزیراعظم عمران خان نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایسے واقعات انتہائی شرمناک ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا ہے۔
فیصل واوڈا نے وزیراعظم سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کا قانون لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کرنے والے افراد کو پھانسی دے کر عبرت کا نشان بنائیں۔
وزیراعظم نے مجرمان کو سخت سزائیں دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔