ہولوکاسٹ کی طرح توہین رسالت کرنے والوں پر پابندی لگائی جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ تحریک لبیک کے خلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ وہ عوام کو یہ واضح کردیں، حکومت نے تحریک لبیک کےخلاف کارروائی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کی۔
عمران خان نے کہا کہ ٹی ایل پی کے خلاف کارروائی اس لیے کی کیونکہ انہوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا اور سڑکوں پر تشدد کرنے سمیت عوامی اور قانون نافذ کرنے والوں پر حملہ کیا۔ اس تناظر میں کوئی بھی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں ہوسکتا۔
اس سے قبل وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک اسلاموفوبیا اور نسل پرستی میں ملوث انتہاپسند سن لیں حضور اکرم ﷺ ہمارے دلوں میں بستے ہیں، بیرون ملک انتہا پسند ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں، مسلمان سب سے زیادہ پیار اور احترام حضور اکرم ﷺ کا کرتے ہیں، ہم بے حرمتی کو برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا نے ’ہولوکاسٹ‘ کے بارے میں کسی بھی منفی تبصرے پر پابندی لگائی، مغرب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ توہین رسالت کرنے والوں کے لیے یہی معیار اپنائیں، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پیغامات پھیلانے والوں کے لیے بھی سزا کا یہی معیار ہونا چاہیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔