عمران عباس کی بھارتی پنجابی فلم ریلیز ہوتے ہی چھاگئی

کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار عمران عباس کی پہلی بھارتی پنجابی فلم جی وے سوہنیا جی بھارت سمیت دیگر کئی ممالک کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوتے ہی چھاگئی ہے۔ اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔
عمران عباس کی فلم جی وے سوہنیا جی 16 فروری کو بھارت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کی گئی تھی، مداحوں کی جانب سے فلم کی کہانی کو کافی پسند کیا جارہا ہے۔
اس فلم کے ذریعے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھی بھارتی میوزک انڈسٹری میں دوبارہ واپسی کی ہے، فلم جی وے سوہنیا جی میں عاطف اسلم کا پنجابی گانا شامل ہے، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے مداح بہت خوش ہوگئے ہیں۔
اس فلم میں عمران عباس کو پاکستانی پنجابی لڑکے کے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھارتی پنجابی لڑکی سے محبت کر بیٹھتا ہے۔
جی وے سوہنیا جی میں تقسیم ہند کی وجہ سے پنجاب کو دو حصوں میں تقسیم ہونے کی کہانی دکھائی گئی ہے، اس کے علاوہ واہگہ بارڈر سمیت پاکستانی اور بھارتی پنجاب کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔
فلم میں عمران عباس کے علاوہ تمام بھارتی اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے، جن میں سمی چاہل، منتو کاپا، اڈایا وکاتی، امن بال اور سوارج سندھو سمیت دیگر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ فلم جی وے سوہنیا جی کی ریلیز سے قبل متحدہ عرب امارات میں اس فلم کا ورلڈ پریمیئر ہوا تھا، جس میں فلم کی کاسٹ سمیت پاکستان اور بھارت کی کئی معروف شوبز شخصیات نے شرکت کی تھی، جن میں بولی وُڈ اداکارہ امیشا پٹیل اور پاکستانی اسٹار ریما خان بھی شامل تھیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔