آئی ایم ایف کی بجلی و گیس ٹیرف بڑھانے، پٹرولیم پر 18فیصد جی ایس ٹی کی تجویز
اسلام آباد: آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے بجلی و گیس ٹیرف میں اضافے اور پٹرولیم پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کی تجویز دے دی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے قرض پروگرام پر مذاکرات آج ختم ہونے کا امکان ہے اور آئی ایم ایف مشن اسٹاف لیول معاہدے کے بغیر آج رات واپس روانہ ہوسکتا ہے، لہٰذا اسٹاف لیول معاہدے سے پہلے پاکستان کو کئی پیشگی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
نئے بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پیکیج پر پھر مذاکرات کا امکان ہے۔ نئے مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق پیش کرنا ہوگا۔
حکومت نے اگلے سال پٹرولیم پر جی ایس ٹی کے بجائے کاربن لیوی عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے جب کہ نئے ٹیکسوں کا نفاذ، بجلی و گیس ٹیرف میں اضافہ اور توانائی شعبے میں اصلاحات شرائط میں شامل ہیں۔
حکومت پٹرولیم مصنوعات پر پہلے ہی 60 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے، اگلے مالی سال پٹرولیم لیوی سے ایک ہزار 80 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے جب کہ اگلے دو سال میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 2295 ارب روپے آمدن کا امکان ہے۔ اس سے اگلے سال پٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدن ایک ہزار 215 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔