الہان عمر کا مسئلہ کشمیر امریکی کانگریس میں اٹھانے کا اعلان
نیویارک: امریکی کانگریس کی مسلم رکن الہان عمر نے مسئلہ کشمیر کانگریس میں اٹھانے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز پاکستان کا دورہ کرنے والی رکن کانگریس الہان عمر کے اعزاز میں نیویارک میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پربھی بات کی۔
الہان عمر نے کہا کہ 7 سے زائد دہائیاں پرانے اس مسئلے پر دنیا کے دیگر مسائل کی طرح ارکان کانگریس کے مزید متحرک کردار کی ضرورت ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کانگریس میں یہ مسئلہ اٹھائیں گی۔
پاکستانی کمیونٹی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ الہان عمر کی بھرپور مدد کرے گی۔
اس موقع پر اے پی پیک کے سربراہ ڈاکٹراعجاز احمد اور دیگر نے خطاب میں زور دیا کہ امریکن پاکستانی کمیونٹی مقامی معاشرے میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرے۔
دھیان رہے کہ 39 سالہ صومالی نژاد امریکی الہان عمر کو امریکی کانگریس میں پہلی مسلمان کانگریس خاتون رکن منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور بے باکی سے مسائل اٹھانے پر انہیں شدید تنقید اور مخالفت کا سامنا رہتا ہے۔