معروف ماہر تعلیم اور سماجی شخصیت حنید لاکھانی انتقال کر گئے

کراچی: معروف ماہر تعلیم، سماجی شخصیت اور سیاست دان حنید لاکھانی مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق تعلیمی شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی اقراء یونیورسٹی کے چانسلر و سماجی رہنما حنید لاکھانی ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوکر انتقال کرگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حنید لاکھانی کافی دنوں سے ڈینگی وائرس میں مبتلا تھے اور اس کا علاج بھی جاری تھا تاہم وہ دوران علاج ہی دم توڑ گئے، ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز جمعہ ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔
حنید لاکھانی کے انتقال پر پی ٹی آئی کراچی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حنید لاکھانی رحم دل اور خوش مزاج طبعیت کے مالک تھے، ان کی سماجی و سیاسی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
پی ٹی آئی کراچی نے حنید لاکھانی کی اچانک موت پر اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ تحریک انصاف مرحوم کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔