پہاڑ سے 100 فِٹ نیچے گِرنے والے کتے کو کیسے بچایا گیا؟
ٹوربے: سو فٹ کی بلندی سے گرنے والا کتا ریسکیو عملے کی کوششوں سے محفوظ رہا۔ برطانیہ میں ریسکیو عملے نے پہاڑ سے 100 فِٹ نیچے گر کر پھنسنے والے کتے کو بچالیا۔
ایک پریس ریلیز میں رائل نیشنل لائف بوٹ اِنسٹی ٹیوشن نے بتایا کہ ٹوربے نامی قصبے کے باہر عملے کو ایک خاتون ایمیلی لائنہان کی جانب سے پہاڑ سے گرجانے والے کتے، جس کا نام یوگی تھا، کو بچانے کے لیے مدد کی کال موصول ہوئی۔
ریسکیو عملہ لائف بوٹ لے کر ساحل پر پہنچا اور عملے کے ایک رکن نے کتے کو پہاڑ کی بنیاد میں ایک چھوٹی سی جگہ سے نکالا جہاں وہ چُھپا بیٹھا تھا۔
عملے نے کتے کو اس کی مالکن کے سپرد کیا بعد ازاں کتے کو ٹانگوں، آنکھوں اور ریڑھ کی ہڈی میں لگی چوٹوں کے علاج کے لیے معالج کے پاس لے جایا گیا۔
ایمیلی نے نیوز ریلیزمیں کہا کہ ایسا لگتا ہے یوگی مکمل صحت یابی کے بعد پہلے کی طرح دوڑ سکے گا۔