قہوے کا زیادہ استعمال موت کے خطرات کو کیسے کم کرتا ہے؟

لندن: ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ قہوے کا استعمال صحت کے لیے انتہائی مفید ہے اور اس سے موت کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
امریکا کے نیشنل اِنسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے کینسر انسٹی ٹیوٹ کے مطابق وہ لوگ جو روزانہ دو یا دو سے زیادہ کپ قہوہ پیتے ہیں، ان کی موت واقع ہونے کے خدشات (9 فیصد سے 13 فیصد تک) کم ہوجاتے ہیں، تاہم اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آیا چائے پینے والے نے اپنی چائے میں دودھ یا چینی ملائی ہے یا نہیں یا وہ کتنی گرم چائے پیتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے کے فوائد ان لوگوں میں بھی دیکھے گئے جو کافی بھی پیا کرتے تھے۔
اینلس آف اِنٹرنل میڈیسن جرنل میں شائع شدہ تحقیق میں محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج چائے پینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ قہوہ ایک صحت مند غذا کا حصہ ہوسکتی ہے۔
اس سے قبل قہوے کے فوائد پر متعدد مطالعات ہوچکے ہیں، لیکن زیادہ تر مطالعات چین یا جاپان جیسے ممالک میں ہوئے ہیں، جہاں سبز چائے پینا عام ہے۔ مذکورہ بالا تحقیق برطانیہ میں کی گئی ہے، جہاں عام طور پر قہوہ پیا جاتا ہے۔
تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا کہ قہوے کی زیادہ کھپت امراضِ قلب، وقف الدم کا مرض (دل میں خون کی کمی کے باعث ہونے والا مرض) اور فالج کے سبب ہونے والی اموات کے خطرات میں کمی لاتی ہے۔
تاہم، ماکی اِنوئی- چوئی کی رہنمائی میں کی جانے والی اس تحقیق میں یہ واضح کیا گیا کہ قہوہ کا کینسر کے امکانات میں کمی سے کوئی تعلق نہیں۔
تحقیق میں 40 سے 69 سال کے درمیان 4 لاکھ 98 ہزار 43 مرد اور خواتین نے شرکت کی۔ شرکاء کی تحقیق کے دوران قریباً 11 برس تک نگرانی کی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔